جلسہ تقسیم انعامات کل ہند صنعتی نمائش خواجہ بازار سے حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسروالحسینی قبلہ اور ریجنل کمشنر آدتیہ املن بسواس کاخطاب
کلبرگی10ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)میں بے حد مسرور ہوں اس بات کے لئے کہ شری آدتیہ املن بسواس ریجنل کمشنر کلبرگی نے ہماری دعوت کوقبول کیا اوربحیثیت مہمان خصوصی حضرت خواجہ گیسودراز بندہ نواز ؒ کے 612ویں عرس شریف کے موقع پر منعقدہ جلسہ تقسیم انعامات کل ہند صنعتی نمائش خواجہ بازار گلبرگہ میں شرکت فرمائی۔میں آپ کا دلی خیرمقدم کرتاہوں۔ان کلمات کااظہار ساقی خم خانہ چشت تقدس مآب حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو الحسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ گیسودرازبندہ نواز ؒ نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کیا۔حضرت سجادہ نشین قبلہ نے فرمایا کہ شری آدتیہ املن بسواس بہت کم عوامی جلسوں میں شرکت کیاکرتے ہیں اپنی گوناگوں مصروفیات کوترک کرکے اس جلسہ میں شرکت فرمائی اس کے لئے میں آپ کاشکریہ اداکرتاہوں۔آپ نے فرمایا کہ حضرت خواجہ گیسودراز بندہ نواز ؒ کاوصال 16؍ذی قعدہ کو ہوا۔اسی مناسبت سے ہرسال 16؍ذی قعدہ کو عرس شریف منایاجاتاہے۔اولیاء اللہ کاعرس ان کے وصال کے یوم وتاریخ کی مناسبت سے منایاجاتاہے۔عرس کے موقع پر کل ہند صنعتی نمائش خواجہ بازار گلبرگہ کااہتمام اس لئے کیاجاتاہے کہ یہ ایک قدیم روایت ہے جو عرس شریف کاایک حصہ ہے۔حضرت سجادہ نشین صاحب قبلہ نے عرس اورنمائش سے متعلق ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ایک فرنچ مسافر عرس کے موقع پر آیا جس نے دیکھا کہ لوگوں کاایک ہجوم ہے کہ چلاآرہا ہے ،اس نے پوچھا کہ آپ لوگ کہاں سے آرہے ہیں لوگوں نے بتایا کہ ہم عرس شریف حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ سے آرہے ہیں۔ہمارے ہاتھوں میں جوسامان ہے وہ ہم صنعتی نمائش خواجہ بازار سے خریداہے۔فرنچ مسافر نے پوچھا کہ یہ لکڑی کاجھولا کس لئے خرید اہے ۔اس سوال کاجواب دیاگیا کہ ہم یہ لکڑی کاجھولا عرس شریف کے موقع پر خواجہ بازار سے اس لئے خریدتے ہیں ہمارایہ یقین ہے کہ ہمارے بچوں کواس لکڑی کے جھولے میں سلایا جائے تو بچے صحت مند رہتے ہیں۔یہ لوگوں کاعقیدہ و یقین تھا جوچلاآرہاہے۔ کل ہند صنعتی نمائش میں ملک بھر سے صنعت کار آتے ہیں۔اپنی اپنی مصنوعات کااسٹال خواجہ بازار میں لگاتے ہیں۔زائرین کی کثیر تعداد اپنی ضرورت کی اشیاء اس نمائش سے خریداکرتے ہیں۔اس عرس شریف کی اختتامی تقریب تقسیم انعامات کے لئے بڑی شخصیتوں کومدعو کیا جاتا رہا ہے۔ آج اس کی تقریب میں تقسیم انعامات کے لئے شری آدتیہ املن بسواس کومدعوکیاگیاہے۔ریجنل کمشنر آدتیہ املن بسواس نے اپنے اظہار خیال میں کہاکہ حضرت سجادہ نشین قبلہ نے جیسا فرمایا کہ میں بہت کم عوامی جلسوں میں شرکت کیاکرتاہوں اس کی وجہ یہ ہے کہ میں سرکار ی پروگراموں میں بے حد مصروف رہتاہوں۔میں صاحب قبلہ کابے حد شکر گزارہوں کہ آپ نے مجھے مدعو کیا۔میں نے اپنی مصروفیات ترک کرکے چلاآیا۔یہ میری خوش نصیبی ہے کہ مجھے یہ موقع حضرت سجادہ نشین قبلہ نے فراہم کیا۔ مسٹر آدتیہ املن بسواس نے کہا میں حضرت خواجہ گیسودراز بندہ نواز ؒ کی حیات اوران کی تعلیمات کامطالعہ کیاہے۔حضرت بندہ نواز ؒ 40سال دلی میں قیام فرمایا اورتقریباً78سال کی عمر میں گلبرگہ تشریف لائے۔آپ نے جملہ 105کتابیں لکھیں ۔حضور بندہ نواز ؒ کئی زبانیں جانتے تھے انہوں نے دکنی زبان میں کتابیں لکھیں۔میں یہ سمجھتاہوں کہ حضور بندہ نواز ؒ نے دکنی زبان میں اس لئے لکھا کہ ان کی تعلیمات ان کے پیغامات یہاں کے عام لوگوں تک پہنچے ،حضور بندہ نواز ؒ کی خدمت میں ہرمذہب کے لوگ حاضر ہوتے۔بلا لحاظ مذہب وملت آج بھی ملک بھر سے کثیر تعداد میں زائرین حضرت خواجہ گیسودراز بندہ نواز ؒ کی درگاہ پر حاضری دیاکرتے ہیں۔اس لئے کہ انہیں یقین ہے کہ اس بارگاہ سے فیض حاصل ہوتاہے۔ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ نے امن ،سکون ،بھائی چارگی اورانسانیت کے پیغام کو عام کیا جس کی آج بے حد ضرورت ہے۔آدتیہ املن بسواس نے کہا شہنشاہ اورنگ زیب بھی سرزمین گلبرگہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ کے درگاہ پرحاضری کے لئے آئے تھے۔آدتیہ املن بسواس نے کہاکہ بڑے لوگ جس جگہ جائیں وہ جگہ ان سے بھی کہیں زیادہ بڑی ہوتی ہے۔ اس لئے اورنگ زیب بھی خواجہ بندہ نواز ؒ کی سرزمین گلبرگہ آئے تھے۔آدتیہ املن بسواس نے کہاکہ لاکھوں زائرین بارگاہ بندہ نواز ؒ پرحاضری دیتے ہیں منتیں مانگتے ہیں ۔مرادیں پاتے ہیں۔آیئے آج بھی ہم سب مل کریہ منت حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ سے مانگیں کہ ہماری ریاست ،ہمارے ملک میں امن اوربھائی چارگی کی فضا بنی رہے۔ میں اورآپ اپنی یہ مراد ضرور پالیں گے کیونکہ ہم خواجہ بندہ نواز ؒ کی بارگاہ میں حاضر ہیں۔آدتیہ املن بسواس ریجنل کمشنر کے ہاتھوں انعامات مختلف شعبہ کے صنعت کار،تاجران کوعرس شریف کے موقع پر انتظامی تعاون دینے والے سرکاری محکموں ،جیسکام ،ہیلتھ ،ریلوے ،کے ایس آرٹی سی ،پولس ،واٹر بورڈ ،کارپوریشن کودیئے گئے۔اس موقع پر حضرت سجادہ نشین قبلہ نے سید امیرا للہ حسینی سکریٹری کل ہندصنعتی نمائش خواجہ بازار کمیٹی کی 50سالہ خدمات پران کی گلپوشی اورشال پوشی فرماتے ہوئے انہیں اعزاز سے نوازا۔حضرت سید شاہ محمد علی الحسینی صاحب قبلہ خلف اکبر سجادہ نشین نے حضرت سجادہ نشین قبلہ کی گلپوشی فرمائی۔جلسہ تقسیم انعامات کاآغاز حافظ محمد اویس قادری معلم دارالعلوم دینیہ بندہ نوازیہ ؒ کے قرات کلام پاک سے ہوا۔ اورجلسہ کی نظامت مولاناسید عبدالرشید صاحب صدرمدرس دارالعلوم دینیہ بندہ نوازیہ ؒ نے فرمائی۔جناب ایم اے حبیب معتمد درگاہ کمیٹی کے شکریہ پرجلسہ کااختتام عمل میں آیا۔